سماجی دوری کے اصولوں کی دھجیاں اڑ گئیں ‘ قیمتوں میں اضافہ
نئی دہلی 5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک کے کئی مقامات پر شراب کی دوکانات کے باہر آج ایک بار پھر ہجوم امڈ آیا اور یہاں انہوں نے سماجی دوریوں کے اصولوں کی دھجیاں اڑائیں۔ قیمتوںمیں بھاری اضافہ کا بھی ان پر کوئی اثر دیکھنے میں نہیں آیا ۔ یہ لوگ دھکم پیل کرتے ہوئے ایک دوسرے سے پہلے شراب حاصل کرنے بے چین نظر آئے ۔ کہا گیا ہے کہ کل سے شراب کی دوکانات کھولے جانے کے بعد یہاں ایک طرح سے لوٹ مار کی کیفیت پیدا ہوگئی ۔ لاکھوں لوگ شراب کی دوکانات کے باہر صبح سے ہی قطاریں لگائے کھڑے ہوگئے ۔ کئی گھنٹے انتظار بھی کیا اور پھر شراب حاصل کی ۔ ملک کے کئی ٹاونس اور دیہی مراکز میں بھی یہی صورتحال رہی ۔ خاص طور پر آندھرا پردیش ‘ کرناٹک ‘ مہاراشٹرا ‘ مغربی بنگال اور دہلی میں یہ مناظر دیکھنے میں آئے جہاں لوگ ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کوشاں تھے ۔ سماجی دوریوں کے اصولوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے کورونا کے اندیشوں کو بھی یہ لوگ خاطر میں نہیں لا رہے تھے ۔ تقریبا 40 دن کے وقفہ کے بعد شراب کی دوکانات کھولے جانے سے ہجوم بے چین نظر آ رہا تھا اور کئی گھنٹے قطار میں کھڑے ہوکر یہ لوگ شراب حاصل کرنا چاہتے تھے ۔ کچھ ریاستوں میںشراب کی قیمتوں میں اضافہ بھی کردیا گیا اس کے باوجود ہجوم پر کوئی فرق نہیں پڑا اور یہ لوگ اضافی قیمتوں پر بھی شراب حاصل کرنے بے چین نظر آ رہے تھے ۔
