شراب کی دکانات کے الاٹمنٹ میں شفافیت برقرار رکھنے وزیر ایکسائیز کی ہدایت

   

عہدیداروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاس، رکاوٹ پر کارروائی کا انتباہ

حیدرآباد۔/13 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر ایکسائیز سرینواس گوڑ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ریاست میں شراب کی دکانات کیلئے موصولہ درخواستوں کی یکسوئی پوری شفافیت کے ساتھ کی جائے۔ ریاستی وزیر نے شراب کی دکانات کے الاٹمنٹ کے مسئلہ پر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ دکانات کی اجازت کیلئے ہر ضلع کے علاوہ حیدرآباد میں ایکسائیز کمشنر کے دفتر میں درخواستیں حاصل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کے سلسلہ میں سنڈیکیٹ تیار کرنے یا کسی بھی شخص کو درخواست داخل کرنے سے روکنے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت کے مطابق ریاست بھر میں شراب کی دکانات کا الاٹمنٹ مکمل شفافیت کے ساتھ کیا جائے گا اور تمام درخواست گذاروں کو مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جن اضلاع میں کم درخواستیں موصول ہوئی ہیں وہاں خصوصی عہدیداروں کو روانہ کیا جارہا ہے۔ ضلع کلکٹر کے ساتھ وہ کم درخواستوں کی وجوہات کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گوڑ اور ایس سی، ایس ٹی طبقات کے درخواست گذاروں کیلئے کاسٹ سرٹیفکیٹ، ایجنسی سرٹیفکیٹ کی عدم موجودگی کی صورت میں خود کا حلفنامہ قابل قبول رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کے ادخال میں کسی بھی رکاوٹ پر ٹول فری نمبر 4252523 1800 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔ جائزہ اجلاس میں ڈائرکٹر ایکسائیز مشرف علی فاروقی، جائنٹ کمشنر کے بی شاستری، ڈپٹی کمشنر ڈیویڈ روی کانت، ہری کشن، اسسٹنٹ کمشنرس اے چندریا گوڑ، سرینواس اور دوسروں نے شرکت کی۔