شراب کی غیر قانونی منتقلی کے خلاف سخت کارروائی

   

تاڑی تاسندوں کے فروغ کا جائزہ ، وزیر آبکاری و نشہ بندی سرینواس گوڑ کاخطاب
حیدرآباد /7 مارچ ( سیاست نیوز ) ریاست میں تاڑی تاسندوں کو فروغ دینے کیلئے بی سی ویلفیر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اقدامات کئے جائیں گے ۔ یہ بات ریاستی وزیر آبکاری کھیل و سیاحت مسٹر سرینواس گوڑ نے بتائی ۔ انہوں نے آج پرمانک بھون میں مختلف محکموں کے اعلی عہدیداروں سے جائزہ اجلاس طلب کیا ۔ جس میں بتایا کہ ریاست میں گڑمبہ پر پابندی عائد کی گئی اور جہاں کسی بھی گڑمبہ کی سرگرمیاں پائی جاتی ہے اس کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ بیرونی ریاستوں سے شراب کی غیر قانونی منتقلی پر روک لگانے سخت اقدامات کئے جانے چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے وقت محکمہ آبکاری کی صرف 6 ذاتی عمارتیں تھیں تاہم چیف منسٹر نے خصوصی اقدامات کرتے ہوئے 98 عمارتوں کی منظوری دی ۔ وزیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ان عمارتوں کی تعمیر کو جلد از جلد تکمیل کرنے کے اقدامات کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر نے ہریتا ہرم پروگرام کے تحت تاڑی کے درختوں کی افزائش پر توجہ مرکوز کی ۔ سرسبز و شاداب اس پروگرام کی عمل آوری کے تحت تاڑی اور سیندھی کے 2 کروڑ 74 لاکھ درختوں کو ابھی تک اُگایا گیا اور ہر گرام پنچایت میں نرسری کی منظوری دی گئی اور ہر نرسری کو 10 تا 20 فیصد تاڑی اور سیندھی کے پودوں کو اگانے اور تیار کرنے کی ہدایت دی تاکہ آئندہ موسم برسات میں ان پودوں کو اگایا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضامن روزگار اسکیم کے تحت 3549 دیہاتوںمیں ایک کروڑ 18 لاکھ تاڑی اور سیندھی کے پودے اُگانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 5 سالوں میں صد فیصد خالص سیندھی کو فراہم کرنے کے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا ۔