حیدرآباد۔ 12 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں کانگریس ارکان نے شراب کی فروخت میں اضافے اور بیلٹ شاپ کی اجازت کے مسئلہ پر مباحث کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی روک دی۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے جیسے ہی کانگریس کی تحریک التوا نامنظور کرنے کا اعلان کیا، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے اسپیکر سے کہا کہ وہ مختلف مباحث کی اجازت دیں۔ اسپیکر کی جانب سے تیقن نہ دیئے جانے پر بھٹی وکرامارکا اور دیگر کانگریسی ارکان نشستوں سے اٹھ کر احتجاج کرنے لگے۔ ان کا کہنا تھا کہ شراب کی فروخت میں اضافہ سنگین مسئلہ ہے جس سے جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ اس سلسلہ میں مباحث سے اتفاق کرے۔ کانگریس ارکان مسلسل احتجاج کرتے رہے لیکن اسپیکر نے وقفہ صفر کے آغاز کا اعلان کیا۔ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی کو اظہار خیال کی اجازت دی گئی لیکن کانگریس کے احتجاج کے دوران وہ کچھ بھی کہنے سے قاصر تھے۔ کچھ دیر تک احتجاج جاری رہا جس کے بعد اسپیکر نے بھٹی وکرامارکا سے خواہش کی کہ وہ ان سے چیمبر میں ملاقات کریں تاکہ اس مسئلہ کی یکسوئی کی جاسکے۔ اسپیکر کے تیقن کے بعد کانگریس ارکان نے احتجاج ختم کردیا۔