شراب کے عادی افراد سائبر دھوکہ بازی کا شکار

   

حیدرآباد ۔ 14 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : لاک ڈاؤن کے بندوبست میں رات دن مصروف سائبر آباد پولیس کے لیے اب شرابیوں کا مسئلہ پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے ۔ شراب کے نشہ کے عادی افراد کو سائبر دھوکہ بازوں کی جانب سے نشانہ بنانا اب پولیس کے لیے ایک نئی پریشانی کا مسئلہ بن گیا ہے ۔ تاہم سائبر آباد پولیس نے بھی ان دھوکہ بازوں سے چوکنا رہنے کی ایک مہم شروع کردی ہے اور عوام کو باور کیا ہے کہ وہ کسی بھی آن لائن اشتہار پر بھروسہ نہ کریں جو شراب کی آن لائن سپلائی اور ڈور ڈیلیوری کو پیش کررہے ہیں ۔ ایسے دھوکہ باز افراد شراب کے نام پر شرابیوں کو لالچ کا شکار بنا کر ان سے رقم لوٹ رہے ہیں ۔ سائبر آباد پولیس نے ریاستی حکومت کے حکمنامہ اور ہدایت کا بھی حوالہ دیا ہے اور بتایا کہ شراب کسی بھی صورت میں سربراہ نہیں کی جاسکتی ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس سائبر آباد کرائم روہنی پریہ درشنی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی دھوکہ باز پالیسیوں کا شکار نہ ہوں ۔ ان دنوں سائبر اباد میں آن لائن دھوکہ دہی بالخصوص شراب کی ڈور ڈیلیوری کے تعلق سے رقم لوٹنے کے کئی واقعات منظر عام پر آئے ہیں ۔ آن لائن اشتہار کے ذریعہ قریبی شراب کی دکان کا لوکیشن بتاکر آن لائن رقم حاصل کی جاتی ہے جب رقم ایک مرتبہ دھوکہ بازوں کے ہاتھ لگ جاتی ہے تو وہ اچانک نظر سے غائب ہوجاتے ہیں ۔ ڈی سی پی کرائم نے ایسے حالات میں ان دھوکہ بازوں سے چوکنا رہنے کی عوام سے اپیل کی ہے اور اپنے اپنے مکانات میں رہتے ہوئے لاک ڈاؤن پر عمل کرنے کی خواہش کی ہے ۔۔