نعشوں کی منتقلی کے باکس سے بڑی تعداد میں بوتلیں ضبط
حیدرآباد۔/17 جون، ( سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کے بعد موجودہ حالات میں سرکاری ملازمین بالخصوصی طبی عملہ اور ایمبولینس کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اور اس مشکل دور میں عملہ کی تعظیم کرنے کی تلقین بھی کی جارہی ہے۔ تاہم چند افراد اس بات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے غیر قانونی کاروبار کو اہمیت دے رہے ہیں اور اس عوامی ضرورت کی آڑ میں شراب کا کاروبار کیا جارہا ہے اور اس کے لئے ایمبولینس گاڑیوں کا استعمال کیا جارہا ہے۔ کل پولیس نے تلاشی کے دوران سوریہ پیٹ میں ایک ایمبولنس کو روک لیا اور تلاشی کے دوران مُردوں کو منتقل کرنے کے باکس میں زندوں کے لئے آسائش کا سامان منتقل کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر ایمبولینس گاڑی کو روک لیا اور اسکی تلاشی لی تاہم پولیس کو کافی دیر تک کامیابی حاصل نہیں ہوئی چونکہ ایمبولنس خالی تھی جب پولیس نے ایمبولینس میں موجود نعشوں کو منتقل کرنے والے باکس کی جانچ کی تو اس باکس سے بڑی تعداد میں پولیس کو شراب کی بوتلیں دستیاب ہوئیں۔ پولیس نے شراب کی ان بوتلوں کو ضبط کرلیا جو تلنگانہ سے ریاست آندھرا پردیش منتقل کی جارہی تھیں۔