نئی دہلی:دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے سنیچر کو سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شراب کی پالیسی میں کوئی گھوٹالہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسیوں نے اپنے حلف نامہ میں جھوٹ بولا اور منیش سسودیا کو اس معاملے میں جھوٹا الزام لگایا گیا۔ یہ بیان سی بی آئی کی جانب سے کیجریوال کو دہلی شراب پالیسی کیس کے سلسلے میں طلب کیے جانے کے ایک دن بعد آیا ہے۔ انہیں اتوار کی صبح 11 بجے ایجنسی ہیڈ کوارٹر میں اس کیس میں گواہ کے طور پر پیش ہونے کو کہا گیا تھا۔کیجریوال نے کہا کہ ای ڈی اور سی بی آئی نے عدالت کو گمراہ کیا اور سسود یا کو پھنسا نیکے لیے حلف کے تحت جھوٹ بولا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ایجنسیوں کے خلاف “جھوٹی گواہی دینے اور جھوٹے ثبوت پیش کرنے” پر مناسب مقدمات درج کیے جائیں گے۔ سسودیا کو فروری میں سی بی آئی نے اس کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔