نظام آباد سیکولر علاقہ، کانگریس کو 1.50 لاکھ اکثریت حاصل ہوگی، عوام سے اظہار تشکر
نظام آباد ۔ 14 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس امیدوار ٹی جیون ریڈی نے آج رکن اسمبلی بودھن سدرشن ریڈی ، قانون ساز کونسل کے رکن پردیش کانگریس کے ورکنگ صدر مہیش کمار گوڑ ،طاہر بن حمدان صدرنشین اُردو اکیڈیمی تلنگانہ ، سابق ایم ایل سی راجیشور و دیگر قائدین کے ہمراہ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نظام آباد پارلیمانی حلقہ میں سابق سے بھی اس مرتبہ زیادہ رائے دہی ہوئی ہے اس رائے دہی کا کانگریس پارٹی کو فائدہ حاصل ہوگا اور کانگریس پارٹی ایک لاکھ 50 ہزار کی اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ جیون ریڈی نے انتخابات کے دوران ان کا ساتھ دینے والے سی پی آئی ، سی پی ایم و دیگر پارٹی کے کارکن اور کانگریس کارکنوں سے اظہار تشکر کیا ۔ جیون ریڈی نے کہا کہ نظام آباد کا علاقہ سیکولر علاقہ ہے لیکن چند افراد یہاں پر فضاء کو مکدر کرنے کی کوشش کی ۔ اس کے باوجود بھی نظام آباد میں پرُ امن انتخابات ہوئے ہیں اور صد فیصد کامیابی کا یقین ظاہر کرتے ہوئے ضلع کی ترقی میں اپنے ذمہ داریوں کو انجام دینے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی آرایس ، بی جے پی دونوں جماعتیں اندرونی مل گئے ہیں اس سے کانگریس کو فائدہ حاصل ہوگا۔ پارلیمانی انتخابات میں نارتھ انڈیا میں بی جے پی کی ساکھ ختم ہوتی دکھائی دے رہی ہے اور سنگل ڈیجٹ پر رہ جائے گی ۔مسٹر جیون ریڈی نے کہا کہ نظام آباد کو اسمارٹ سٹی بنانے کے موجودہ مرکزی حکومت ناکام ہوئی ہے اور بی جے پی حکومت نے عوام سے کئے ہوئے وعدوں کو فراموش کردیا اس موقع پر مسٹر جیون ریڈی نے عوام سے بھی اظہار تشکر کیا ۔ اس موقع پر آکولہ للیتا ، ضلع کانگریس صدر مانالا موہن ریڈی و دیگر بھی موجود تھے ۔