’شربت جہاد‘ بابا رام دیوکا متنازعہ بیان

,

   

روح افزا پر بالواسطہ حملہ، پتنجلی کے شربت کی تشہیر‘کولڈرنکس بھی نشانہ

نئی دہلی :یوگا گرو بابا رام دیو’شربت جہاد‘ جیسے متنازعہ لفظ کے استعمال کے سبب نشانے پر آ گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں رام دیو نے ایک مشہور شربت ساز کمپنی پر الزام لگایا کہ وہ اپنے منافع سے مساجد اور مدارس تعمیر کر رہی ہے۔وہ لوگوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ بازار میں دستیاب شربتوں کے بجائے پتنجلی کا گلاب شربت خریدیں کیونکہ اس کا پیسہ ’گروکل‘، پتنجلی یونیورسٹی اور بھارتیہ شکشا بورڈ جیسے اداروں کو جاتا ہے۔یہ ویڈیو پتنجلی کے آفیشل فیس بک پیج پر شیئر کیا گیا اور اشتعال انگیز کیپشن بھی لکھا گیا کہ شربت جہاد کے نام پر بیچے جا رہے ٹوائلٹ کلینر اور کولڈ ڈرنک کے زہر سے اپنے خاندان اور بچوں کو بچائیں۔ ویڈیو میں سافٹ ڈرنکس کمپنیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔اگرچہ رام دیو نے کسی کمپنی کا نام نہیں لیا لیکن ان کے بیان کو ’روح افزا‘کے بالواسطہ حوالہ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔ سوشیل میڈیاپر کئی صارفین نے رام دیو پر مذہبی جذبات بھڑکانے کا الزام لگایا اورکہا کہ یہ ایک خاص برادری کو نشانہ بنانے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔