لاہور : پاکستان کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے دورۂ جنوبی افریقہ اور زمبابوے میں ٹسٹ، ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں شرجیل خان کی 4 سال بعد واپسی ہوئی ہے اور مزید نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے لاہور میں پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کیا اور نئے شامل ہونے والے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ پاکستانی ٹیم دونوں دوروں میں مجموعی طور پر 7 ٹی ٹوئنٹی، 3 ونڈے اور 2 ٹسٹ میچز کھیلے گی۔ اس ٹور کیلئے معلنہ پاکستانی ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے اسکواڈز 18، 18 کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں، جن میں 14 کھلاڑی ایسے ہیں جو دونوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ پاکستانی ٹسٹ اسکواڈ میں 20 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا اور ان میں سے 8 کرکٹرز ایسے ہیں جو تینوں فارمٹ کیلئے اعلان کردہ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ دورۂ جنوبی افریقہ میں شامل 3 ونڈے انٹرنیشنل میچز کرکٹ ورلڈ کپ سوپر لیگ کا حصہ ہیں، 13 مختلف ٹیموں کے درمیان جاری اس ایونٹ کی 7 بہترین ٹیمیں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں براہ راست پہنچ جائیں گی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ونڈے انٹرنیشنل میچز اور 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کیلئے قومی اسکواڈ 26 مارچ کو جوہانسبرگ روانہ ہوگا۔ پاکستانی اسکواڈ وہاں سے 17 اپریل کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں اور 2 ٹسٹ میچوں کیلئے بلاوایو روانہ ہوگا، جہاں سے پاکستانی اسکواڈ 12 مئی کو وطن واپس پہنچے گا۔ جوہانسبرگ روانگی سے قبل پاکستانی اسکواڈ 19 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کا آغاز کریگا ۔
جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے دورے کیلئے اسکواڈز
T20: بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، ارشد اقبال، آصف علی، دانش عزیز، فہیم اشرف، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد، شاہین آفریدی، شرجیل خان، عثمان قادر۔
ونڈے: بابر اعظم (C)، شاداب خان (VC)، عبداللہ شفیق، دانش عزیز، فہیم اشرف، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سرفراز، سعود شکیل، شاہین آفریدی، عثمان قادر۔
ٹسٹ: بابر اعظم (C)، محمد رضوان (VC)، عبداللہ شفیق، عابد علی، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، عمران بٹ، محمد نواز، نعمان علی، ساجد خان، سلمان آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین آفریدی، شاہنواز، تابش ، زاہد محمود۔