شرح جرائم میں اطمینان بخش حد تک کمی

   

عصمت ریزی کے واقعات میں اضافہ تشویناک، ایس پی محبوب نگر ریما راجیشوری کا بیان

محبوب نگر ۔ یکم جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) 2018ء میں گذشتہ سال کے مقابل جرائم کے واقعات میں اطمینان بخش حد تک کامیابی ملی ۔ ضلع ایس پی محبوب نگر ریما راجیشوری نے سالانہ جرائم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایا کہ جرائم کی کمی میں ریاستی ڈی جی پی مہیندر ریڈی کی ’’ فرینڈلی پولیس مہم ‘‘ کا بڑا اثر رہا ہے ۔ انہوں نے بحیثیت مجموعی 2018ء میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر اطمینان ظاہر کیا ۔ 2018ء کے اواخر میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں ضلع پولیس نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور منصوبہ بناتے ہوئے پُرامن انتخابات کیلئے ماحول بنایا ۔ ہندو مسلم تہوار بھی خوشگوار انداز میں منائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں پولیس کی جانب سے 700 کیمرے نصب کئے گئے جس کی وجہ سے معقول انداز میں جرائم پر قابو پایا گیا ۔ جرائم کی روک تھام کیلئے عوام میں شعور بیداری پروگرامس بھی منعقد کئے گئے جس میں فنکاروں نے بھی اپنا حصہ ادا کیا جو کامیاب رہے ۔ فنکاروں نے سوشل میڈیا پر غیر غلط پوسٹنگ سے گریز اور حالت نشہ میں ڈرائیونگ ، مشتبہ افراد کی نشاندہی کرتے ہوئے 100 نمبر پر ڈائیل کر کے اطلاع دینے کیلئے مہم چلائی تھی جو ثمرآور ثابت ہوئی ۔ اسی برس شی ٹیم نے بھی مستعدی کے ساتھ خواتین و طالبات کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے خلاف کارروائی کی ۔ ایس پی نے بتایا کہ گذشتہ سال ضلع میں 24قتل کے واقعات ہوئے تھے جبکہ 2018 میں 17واقعات ہوئے ۔ اسیطرح گذشتہ برس سڑک حادثات میں 299 اموات ہوئی تھیں اور 2018ء میں 223 اموات ہوئی ہیں جبکہ عصمت ریزی کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے ۔ کانفرنس میں اے ایس پی وینکٹیشورلو ، ڈی ایس پیز بھاسکر ، گری بابو اور دیگر پولیس عہدیدار موجود تھے ۔