بی جے پی، شیوسینا دفاتر کے اطراف چوکسی ، سڑکوں پر رکاوٹیں
ممبئی۔ 23 ممبئی (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں وقوع پذیر سیاسی تبدیلی کے درمیان مختلف سیاسی جماعتوں اور اہم قائدین کی رہائش گاہوں پر بھاری سکیورٹی تعینات کردی گئی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو رونما ہونے سے روکا جاسکے۔ بی جے پی کے دیویندر فڈنویس اور این سی پی کے اجیت پوار نے آج صبح ڈرامائی حالات میں بالترتیب چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا۔ این سی پی کے سربراہ شرد پوار کی رہائش گاہ سلور اوک پر بھاری سکیورٹی تعینات کی گئی جہاں گاڑیوں کی آمدورفت کو محدود بنانے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں۔ دادر میں شیوسینا بھون، اس پارٹی کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ ماتو شری، نریمن پوائنٹ پر واقع بی جے پی ہیڈکوارٹرس وغیرہ پر بھی بھاری سکیورٹی تعینات کی گئی ہے۔