نئی دہلی :شردھا واکر قتل کیس نے سنسنی پیدا کر دی ہے۔ اس کیس میں ملزم آفتاب امین پونا والا پولیس کے سامنے نت نئے انکشافات کر رہا ہے۔ قتل کیس کی تفتیش کر رہی پولیس کو اہم سراغ ملے ہیں۔ پولیس نے ملزم آفتاب امین سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم ایک بیگ لے کر جا رہا ہے۔ یہ ویڈیو 18 اکتوبر کا بتایا جا رہا ہے۔ اس سے قبل پولیس ملزم آفتاب کے ساتھ مہرولی جنگل پہنچی تھی۔اس کے ساتھ ہی دہلی کے دیگر مقامات پر بھی پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج کو دیکھ کر پولیس نے اندازہ لگایا کہ 18 اکتوبر کو یعنی تقریباً پانچ ماہ بعد وہ باقی ماندہ نعش کے ٹکڑے جنگل میں پھینکنے گیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم آفتاب نے 18 مئی کو ہی شردھا کا گلا دبا کر قتل کر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق جب آفتاب نے اپنی لیو ان پارٹنر شردھا کو قتل کیا تو وہ منشیات کے زیر اثر تھا۔اب تک جو انکشافات سامنے آئے ہیں ان میں ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ شردھا اس پر شادی کے لیے دباؤ ڈال رہی تھی اور آئے دن دونوں میں اسی کو لے کر جھگڑا ہوا کرتا تھا۔ 18 مئی کو بھی ایسا ہی ہوا جس کے بعد ملزم آفتاب نے شردھا کوسفاکانہ طریقہ سے قتل کردیا۔اسی دوران عدالت نے اس معاملے میں 5 دن کے اندر ملزم کا نارکو ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شردھا کے ایک دوست نے بتا یا کہ آفتاب کے مزید لڑکیوں سے تعلقات ہیں، اور اس کے لیے آفتاب نے دو سال قبل بھی شردھا کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔تب شردھا کے دوست راہول نے شردھا کی آفتاب کے خلاف پولس میں ایف آئی آر درج کرانے میں مدد کی تھی۔