نئی دہلی 24 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے این سی پی سربراہ شرد پوار اور ان کے بھانجے و سابق ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار کے خلاف مہاراشٹرا اسٹیٹ کوآپریٹیو بینک کے 25000 کروڑ کے اسکام میں منی لانڈرنگ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی اور کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے انسداد منی لانڈرنگ قانون کے تحت یہ مقدمہ درج کیا ہے ۔ یہ کیس ممبئی پولیس کی جانب سے درج کردہ ایف آئی آر کی بنیاد پر ہے ۔ شرد پوار این سی پی سربراہ اور مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر ہیں۔ پولیس ایف آئی آر کی بنیاد پر انہیں بھی اس مقدمہ میں ملزم بنایا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ یہ مقدمہ ایسے وقت میں درج کیا گیا ہے جبکہ مہاراشٹرا میں 21 اکٹوبر کو اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں جس کا اعلامیہ جاری کیا جاچکا ہے ۔
