بی جے پی تقسیم کرنے والی پارٹی ہے
ممبئی: شیوسینا ترجمان اور رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے ہفتہ کوایک تقریب میں واضح طور پر اعتراف کیا کہ این سی پی لیڈر شرد پوار نے بی جے پی کو 1996 میں ہی تقسیم کرنے والی پارٹی قرار دے دیا تھا، لیکن شیوسینا کو یہ بات 2019 میں سمجھ میں آئی۔ راوت نے پوار سے متعلق کہا کہ انہوں نے مہاراشٹر اور ملک کو ایک سمت عطا کی ہے اور تقریباً 25 سال پہلے ہی انھوں نے اس بات کی تنبیہ دے دی تھی کہ بی جے پی کی پالیسیاں تقسیم کرنے والی ہیں ۔
جس نے ملک کے اتحاد کو رخنہ انداز کر دیا تھا۔سنجے راوت نے یہ بات شرد پوار کے اتوار (12 دسمبر) کو منائے جانے والے 81ویں یوم پیدائش سے قبل کی شام ایک مراٹھی کتاب کی رسم رونمائی کے موقع پر کہی۔ اس کتاب میں پوار کی 61 تقریروں کو جمع کیا گیا ہے جو انھوں نے مختلف سیاسی میٹنگوں کے دوران دی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ اس کتاب کا عنوان اتنا مناسب ہے کہ اس کی کاپیاں وزیر اعظم نریندر مودی کو دی جانی چاہئیں تاکہ وہ یہ سمجھ سکیں کہ ’سٹیکتا‘ (عین مطابق) سے کس طرح بولا جا سکتا ہے۔
