ممبئی : نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد چندر پوار) کے سربراہ شرد پوار نے زیڈ پلس سیکورٹی لینے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پوار نے سی آر پی ایف افسران کو واپس کردیا۔ پوار نے دہلی میں اپنے گھر کے اندر اضافی سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کرنے، شہر میں سفر کرنے کے لیے استعمال کی جانے والی گاڑی کو تبدیل کرنے اور دو سیکورٹی اہلکاروں کو اپنی گاڑی کے اندر لے جانے کی تجاویز کو مسترد کر دیا ہے۔تاہم شرد پوار نے حفاظتی اقدامات کے تحت دہلی میں اپنے گھر کی چاردیواری کی اونچائی بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ پوار نے جمعہ کو سیکورٹی ایجنسیوں ۔ سی آر پی ایف اور دہلی پولیس کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں دہلی فائر سروس، سنٹرل پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ، نئی دہلی میونسپل کونسل اور مرکزی وزارت داخلہ کے نمائندے شامل تھے۔