سونیا گاندھی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوں گی ، یو پی اے کو مضبوط بنانے کی مساعی
حیدرآباد۔ شرد پوار کو یو پی اے کا صدرنشین بنایاجائے گا! سونیا گاندھی کی مسلسل ناسازیٔ صحت کے سبب یو پی اے کے صدرنشین کی ذمہ داریوں سے وہ سبکدوش ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ یو پی اے کے صدرنشین کی حیثیت سے جلد ہی این سی پی سربراہ شردپوار کو جلد ہی منتخب کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق یو پی اے میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کے شردپوار سے تعلقات بہتر ہیں اور شردپوار سینیئر سیاسی قائد کی حیثیت سے اپنی منفرد شناخت اور تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بہتر تعلقات رکھتے ہیں۔ مسز سونیا گاندھی نے یو پی اے صدرنشین کے عہدہ کو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور کہا جا رہاہے آئندہ ماہ کے اوائل میں یو پی اے کے نئے صدرنشین کا انتخاب عمل میں لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کسانوں کے احتجاج اور مخالف کسان بل کے سلسلہ میں کل جماعتی وفد نے صدرجمہوریہ ہند مسٹر رام ناتھ کووند سے جو ملاقات کی اس وفد میں سی پی ایم قائد سیتارام یچوری‘ کانگریس قائد راہول گاندھی‘سی پی آئی جنرل سیکریٹری ڈی راجہ‘ ڈی ایم کے قائد ٹی ایم کے ایلنگوون کے علاوہ دیگر شامل تھے اس وفد کی قیادت کی ذمہ داری بھی شردپوار کو دی گئی تھی اور سونیا گاندھی نے صدرجمہوریہ سے ملاقات کرنے والے وفد میں شامل ہونے سے گریز کیا تھا۔بتایاجاتا ہے کہ کانگریس ذرائع کی جانب سے بھی اس بات کی توثیق کی جانے لگی ہے کہ مسز گاندھی نے نہ صرف یوپی اے صدرنشین کے عہدہ سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ وہ سرگرم سیاست سے بھی سبکدوش ہونے کا منصوبہ تیار کرچکی ہیں اسی لئے یو پی اے کی جانب سے شرد پوار کو قائد کے طور پر پیش کیا جانے لگا ہے۔ کانگریس ذرائع کا کہناہے کہ سال2017 میں راہول گاندھی کو کانگریس سربراہ کے عہدہ پر فائز کیا جانا ہی مسز گاندھی کے سرگرم سیاست سے سبکدوش ہونے کا اشارہ تھالیکن 2019 میں کانگریس کے مایوس کن مظاہرہ کے بعد سربراہ کانگریس کے عہدہ سے راہول گاندھی نے مستعفی ہوتے ہوئے سونیا گاندھی کو سرگرم سیاست میں باچی رہنے پر مجبورکردیا لیکن اب مسز گاندھی مسلسل ناسازیٔ صحت کے سبب سرگرم سیاست میں برقرار رہنے کے حق میں نہیں ہیںاور اگر سونیاگاندھی سرگرم سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرتی ہیں تو ایسی صورت میں یوپی اے میں سب سے سینیئر قائد شردپوار ہی ہوں گے جو کہ صدرنشین یو پی اے کے عہدہ پر فائز ہوسکتے ہیں۔ کانگریس کے بعض قائدین کا کہناہے کہ یو پی اے میں کانگریس کے ارکان کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور یوپی اے کے صدرنشین کے عہدہ پر کانگریس کے قائد کو منتخب کیا جانا چاہئے این سی پی کے ذرائع کا کہناہے کہ یو پی اے میں ابھی اس طرح کی کوئی بات چیت یا مشاورت نہیں کی جا رہی ہے بلکہ اس مسئلہ پر کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے کوئی مذاکرات شروع نہیں کئے گئے ہیں۔