نئی دہلی : سینئر قائد اور سابق مرکزی وزیر شرد یادو نے اپنی لوک تانترک جنتادل ( ایل جے ڈی ) پارٹی کا لالو پرساد یادو کی راشٹریہ جنتا دل ( آر جے ڈی) سے انضمام کرلیا ۔ یاد رہے کہ یہ انضمام ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب دونوں قائدین نے 25سال قبل اپنے اپنے سیاسی راستے الگ کرلئے تھے ۔ اس موقع پر شرد یادو نے کہا کہ تیجسوی یادو ملک کا مستقبل ہیں ۔ آج ہمیں نوجوان قائدین کی ضرورت ہے ۔ آر جے ڈی آپ کی پارٹی ہے ، اسے مزید مضبوط بنائیں ۔ میں اب پہلے جیسا توانا اور جوان نہیں رہا لیکن اس کے باوجود بھی پارٹی کو مزید مستحکم کرنے حتی الامکان کوشش کروں گا ۔ اس سلسلہ میں اکھلیش یادو سے بھی بات کی جائے گی کہ ہماری لڑائی کو مزید استحکام بخشیں ۔انہیں امید ہے کہ لالو پرساد یادو ایک دن ضرور آزاد ہوں گے ۔ اگر انہوں نے فرقہ پرستوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ہوتے تو انہیں جیل نہ ہوگی مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا اور جیل جانا پسند کیا ۔