شرعی پنچایت نظام آباد کا انعقاد

   

نظام آباد ۔ حافظ مجیب الرحمن منتظم شرعی پنچایت کی اطلاع کے مطابق بروز اتوار شرعی پنچایت نظام آباد کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں کل چار مقدمات کے فریقین کو طلب کرکے ان کے بیانات قلمبند کئے گئے ۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ بعدازاں تقسیم جائیداد سے متعلق دو مقدمات اور میاں بیوی کے درمیان نزاع سے متعلق دو مقدمات پیش ہوئے۔ پہلا مقدمہ تقسیم جائیداد سے متعلق تھا۔ جس میں اس مقدمے سے متعلق تقریباً چار افراد کے تفصیلی اور شخصی بیانات لئے گئے۔ ان بیانات میں اکثر باتوں پر اتفاق پایاگیا صرف بعض باتوں میں جزوی اختلاف نظر آیا۔ شرعی پنچایت کے ذمہ داروںنے ان اتفاقی باتوں کو سامنے رکھ کر اسی کے مطابق مصالحت ہونے کا امکان ظاہر کیاہے۔ اگلے اجلاس تک کیلئے اس مقدمے کے فیصلے کو مؤخر کیاگیا۔ دوسرا مقدمہ میاں بیوی کے درمیان نزاع کا تھا اس مقدمے میں بھی فریقین کے بیانات قلمبند کرکے انہیں اگلے اجلاس تک کیلئے عبوری ہدایات دی گئی ہیں۔ تیسرا مقدمہ تقسیم جائیداد سے متعلق بہن بھائی کے درمیان تھا اس میں بھی فریقین کے بیانات لے کر اگلے اجلاس میں تفصیلی اور ٹھوس ثبوت پیش کرنے کی ہدایات دی گئی۔چوتھامقدمہ میاں بیوی کے درمیان نزاع کاتھا اس مقدمے کے بیانات لینے کے بعد محسوس ہوا دونوں کے درمیان کافی دوریاں پید اہوگئی ہیں۔ لہٰذا جب تک یہ دوریاں ختم نہیں ہوں گی مصالحت کی کوئی تدبیر کارگر نہیں ہوگی۔ لہٰذا ان لوگوں کے درمیان دوریاں ختم کرنے کیلئے آپسی روابط رکھنے اور ایک دوسرے کے ساتھ اچھا برتائو کرنے کی ہدایات دی گئی اور اگلے اجلاس تک دوریاں ختم کرلینے کی تلقین کی گئی۔بہرحال آج مکمل دن ان چار مقدمات میں صرف ہوا۔مزید تفصیلات کیلئے دفتری اوقات صبح10تا1؍بجے دوپہر اور 2-30؍بجے تا5؍بجے شام تک یا فون نمبر 8919500938-9966093730پرربط پیدا کریں۔