شرمیلا نے آج ضلع کھمم میں ایک روزہ بھوک ہڑتال کی

   

نوجوانوں کو خود کشی کرنے کے بجائے زندہ رہ کر جدوجہد کرتے ہوئے اپنے حقوق حاصل کرنے کا مشورہ دیا
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدر شرمیلا نے آج بیروزگاری کے خلاف ضلع کھمم کے پینوبلی منڈل میں ایک روزہ احتجاجی بھوک ہڑتال کا اہتمام کیا ۔ قبل ازیں وہ خود کشی کرنے والے بیروزگار نوجوان ناگیشور راؤ کے ارکان خاندان سے ملاقات کی اور انہیں پرسہ دیا ۔ پھر بھوک ہڑتال کا آغاز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملازمتوں کے نوٹیفیکشن کی اجرائی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالنے ہر ہفتہ ریاست کے ایک مقام پر بھوک ہڑتال کررہی ہیں اور نوجوانوں سے اپیل کررہی ہیں کہ وہ ملازمتوں کے لیے خود کشی نہ کریں بلکہ زندہ رہ کر جدوجہد کرتے ہوئے ملازمتیں حاصل کریں ۔ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی اس جدوجہد میں بیروزگار نوجوانوں کا مکمل ساتھ دے گی اور ان کے قدم سے قدم ملا کر چلنے کے لیے پوری طرح تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر وعدے کے مطابق نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ۔ اپنے ارکان خاندان کو وہ سیاسی روزگار فراہم کرچکے ہیں ۔ مگر تلنگانہ کی تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے طلبہ و نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکے ہیں ۔ ملازمتوں کی فراہمی کو وہ اہم موضوع بناتے ہوئے ریاست میں احتجاج کررہی ہیں ۔ ریاست میں 1.90 لاکھ سرکاری جائیدادیں مخلوعہ ہیں تاہم حکومت کی جانب سے صرف 50 ہزار جائیدادوں کا اعلان کیا جارہا ہے ۔ گذشتہ 7 ماہ سے 50 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کیا جارہا ہے ابھی تک 5 ملازمتیں بھی فراہم نہیں کی گئی ۔۔