مریال گوڑہ میں محمد سلیم کے ارکان خاندان سے ملاقات ، مایوس نہ ہونے کا نوجوانوں کو مشورہ
حیدرآباد :۔ وائی ایس آر پارٹی کی سربراہ شرمیلا نے بیروزگاری کے خلاف چھیڑی گئی مہم کے سلسلہ میں متحدہ ضلع نلگنڈہ کا دورہ کیا ۔ مریال گوڑہ کے بنگارو گڈہ میں محمد سلیم کے ارکان خاندان سے ملاقات کی اور انہیں حوصلہ دیا ۔ ان کے دورے حضور نگر میں ایک نیا موڑ آیا ۔ موضع میڈارم میں وہ این سائی کے ارکان خاندان سے ملاقات کرنے پہونچی تھی ۔ شرمیلا کے وہاں پہونچنے سے قبل این سائی کا خاندان گھر کو مقفل کر کے کہیں لاپتہ ہوگیا ۔ جس پر وائی ایس ایس آر پارٹی کے قائد پی رام ریڈی نے شرمیلا سے خوفزدہ ہو کر ٹی آر ایس قائدین کی جانب سے این سائی کا اغوا کرلینے کا الزام عائد کیا ۔ لیکن شرمیلا نے این سائی کی قیام گاہ کے سامنے اجلاس منعقد کیا اور نوجوانوں سے خطاب کیا ۔ بعد ازاں شرمیلا نے کورونا سے فوت ہونے والے ریٹائرڈ اکسائیز سپرنٹنڈنٹ جی ناگی ریڈی کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا ۔ شرمیلا نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ ملازمتوں کے لیے خود کشی نہ کریں بلکہ زندہ رہ کر احتجاج کرتے ہوئے ملازمتوں کے نوٹیفیکیشن کی اجرائی کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وعدے کے مطابق بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ تلنگانہ میں ملازمتوں کے لیے علحدہ تلنگانہ جیسی ایک اور تحریک شروع کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ جس کے لیے وہ کمربستہ ہوگئی ہیں اور نوجوانوں کے حق کے لیے اپنی آواز اٹھاتی رہیں گی ۔ اس موقع پر وائی ایس ایس آر پارٹی کے ترجمان سید مجتبیٰ احمد کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔۔