شرمیلا کا آج لوٹس پاؤنڈ میں حامیوں کیساتھ اہم اجلاس

   


نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کی افواہیں سرگرم ، تلنگانہ میں پدیاترا شروع کرنے کا بھی امکان

حیدرآباد : سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی دختر شرمیلا کی جانب سے نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کی افواہوں کے درمیان انہوں نے 9فبروری کو صبح 10بجے لوٹس پاؤنڈ بنجارہ ہلز میں اپنے شوہر انیلکے آفس میں حامیوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس طلب کیا ہے ۔ اگر باقاعدہ نئی پارٹی کی تشکیل کا اعلان بھی نہیں کیا گیا تو تلنگانہ میں سرگرم ہوجانے کا پیغام مل سکتا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کھمم کے سابق ایم پی اور ورنگل کے ایک سینئر قائد سے شرمیلا کی اس مسئلہ پر بات چیت ہوچکی ہے ۔ چند دن قبل شرمیلا کی جانب سے تلنگانہ میں نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کی بات سامنے آئی تھی اس پر مختلف سیاسی جماعتو ں نے اپنے انداز میں ردعمل ظاہر کیا تھا ۔ کسی نے خیرمقدم کیا تو کسی نے کہا کہ تلنگانہ میں نئی سیاسی جماعت کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ کل چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤنے پارٹی عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرمیلا کا نام لئے بغیر کہا تھا کہ تلنگانہ میں نئی سیاسی جماعت کیلئے کوئی جگہ نہیں اور لوگ اُس کو قبول نہیں کریں گے ۔ اس موقع پر انہوں نے اے نریندر ، وجئے شانتی اور دیویندر گوڑ کی جانب سے تشکیل دی گئی جماعتو ں اور ان کے انجام کا حوالہ دیا ۔ وائی ایس آر کیلئے چیوڑلہ لکی تصور کیا جاتا ہے جہاں سے انہوں نے بحیثیت قائد اپوزیشن 2003میں پدیاترا شروع کی تھی ۔بتایا جاتاہے کہ شرمیلا بھی وہیں سے پدیاترا پر غور کررہی ہیں ۔