شرمیلا کا 10 اپریل کو اہم اعلان متوقع

   

نئی پارٹی کے نام یا چیوڑلہ سے پد یاترا کا اعلان بھی ہوسکتا ہے
حیدرآباد : سابق چیف منسٹر ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی دختر نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے اپنی سرگرمیاں تیز کرچکی ہیں۔ باوثوق ذرائع کے بموجب وہ 10 اپریل کو اہم فیصلہ کرنے والی ہیں۔ اُس دن اپنی نئی پارٹی کے نام کا اعلان کریں گی یا چیوڑلہ سے اپنی پدیاترا کا اعلان کریں گی۔ 10 اپریل راج شیکھر ریڈی حامیوں کیلئے خاص دن ہے۔ 10 اپریل 2003 ء کو راج شیکھر ریڈی نے چیوڑلہ سے پدیاترا کا آغاز کیا جو 2004 ء میں کانگریس کے برسر اقتدار آنے سنگ میل ثابت ہوئی۔ اب بھی 10 اپریل موضوع بحث ہے۔ شرمیلا متحدہ اضلاع کے قائدین سے مشاورت کررہی ہے۔ شیڈول کے مطابق مشاورت اپریل کے پہلے ہفتہ تک مکمل ہوجائیگی۔10 اپریل تک چیوڑلہ سے وائی ایس آر کی پدیاترا کے 18 سال مکمل ہونگے جس کے پیش نظر پارٹی کے اہم فیصلے اس دن کرنے کا شرمیلا نے فیصلہ کیا ہے۔ حامیوں سے مشاورت کے دوران شرمیلا پارٹی اصول و ضوابط، جھنڈا اور دیگر اُمور پر قائدین و حامیوں سے تجاویز طلب کریں گی۔ شرمیلا نے آج متحدہ ضلع کھمم کے حامیوں سے ملاقات کی۔ 21 فبروری کو کھمم میں اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔ 21 فبروری کو شرمیلا بڑے قافلے میں حیدرآباد کے لوٹس پانڈ سے کھمم روانہ ہونگی۔ ذرائع کے بموجب شرمیلا شہر کے اطراف کے اضلاع کے قائدین سے حیدرآباد میں ملاقات کریں گی جبکہ دور دراز اضلاع قائدین سے وہیں ملاقات کریں گی۔ لوٹس پانڈ کے علاوہ کسی اور مقام پر اجلاس کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے تاہم لوٹس پانڈ میں سیاسی سرگرمیاں اچانک بڑھ گئی ہیں۔