شرمیلا کی جانب سے تلنگانہ میں نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کی تیاریاں

   


اضلاع میں عوامی رجحان کا حصول ، کس کو فائدہ کس کو نقصان پر مباحث
حیدرآباد :۔ سابق چیف منسٹر متحدہ آندھرا پردیش ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی دختر آندھرا پردیش کے چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی بہن تلنگانہ میں نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہیں ۔ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں نئی پارٹی کی تشکیل پر عوامی رائے بھی حاصل کی جارہی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ راج شیکھر ریڈی کے حامی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے کارکن اس پر مثبت ردعمل کا اظہار کررہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ راج شیکھر ریڈی کے فلاحی اسکیمات فیس ری ایمبرسمنٹ ، آروگیہ شری اسکیم اور مسلم تحفظات کے علاوہ دوسرے طبقات کے لیے جو اسکیمات متعارف کرائی گئی تھی اس سے مرنے کے بعد بھی راج شیکھر ریڈی عوام کے دلوں میں زندہ ہے ۔ جہاں پر راج شیکھر ریڈی کی دختر شرمیلا کا تلنگانہ میں خیرمقدم کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں وہیں ان کی کھلے عام مخالفت بھی ہورہی ہے ۔ چند قائدین کا کہنا ہے کہ آندھرا چھوڑ کر شرمیلا تلنگانہ کیوں آرہی ہیں چند قائدین کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں مزید ایک نئی سیاسی جماعت کی گنجائش نہیں ہے ۔ متحدہ آندھرا پردیش میں جگن موہن ریڈی کے آمدنی سے زیادہ اثاثہ جات رکھنے کے جیل جانے کے بعد شرمیلا نے تلنگانہ میں پدیاترا کی تھی ۔ 2014 میں علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد منعقدہ اسمبلی انتخابات میں اصل مقابلہ کانگریس اور ٹی آر ایس کے درمیان میں تھا ۔ تاہم ضلع کھمم میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا ایک رکن پارلیمنٹ اور تین ارکان اسمبلی ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے ۔ علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد جگن موہن ریڈی نے تلنگانہ پر زیادہ توجہ نہیں دی ۔ 2018 کے اسمبلی انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے مقابلہ نہیں کیا ۔ 2019 میں منعقدہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے ووٹوں کے تناسب میں دوسرا مقام حاصل کرتے ہوئے کانگریس کو تیسرے مقام پر ڈھکیل دیا ۔ بی جے پی کے پاس سماجی طبقات کا ووٹ بینک نہیں ہے وہ ابتداء سے آر ایس ایس ، بی جے پی کے حامیوں ، قومی پرستی ، ہندوتوا پر انحصار کررہی ہے ۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ شرمیلا کی جانب سے تشکیل دی جانے والی نئی سیاسی جماعت بی جے پی سے اتحاد کرتی ہے تو ریڈی طبقہ کے ووٹ بینک کا جھکاؤ بی جے پی کے لیے بھی سود مند ہوسکتا ہے ۔ اس مسئلہ پر شرمیلا ، جگن موہن ریڈی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سوشیل میڈیا نے ابھی تک کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے ۔ تاہم شرمیلا کی والدہ وجیہ اماں نے راج شیکھر ریڈی کی زندگی پر تحریر کردہ کتاب اپنی دستخط کے ساتھ تلنگانہ کے تمام کانگریس قائدین کو روانہ کی ہے ۔۔