شرمیلا کی سیاسی پارٹی کا 8 جولائی کو باضابطہ اعلان ہوگا

   

سنٹرل الیکشن کمیشن نے وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کے رجسٹریشن کا عمل مکمل کردیا
حیدرآباد ۔ سابق چیف منسٹر ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی دختر وائی ایس شرمیلا کی تلنگانہ میں تشکیل دی جانے والی نئی سیاسی پارٹی وائی ایس آر ٹی پی کے رجسٹریشن کا عمل سنٹرل الیکشن کمیشن میں مکمل ہوگیا ہے۔ گزشتہ سال ہی پارٹی رجسٹریشن کیلئے سنٹرل الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی جس پر کمیشن نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی صدر وجیہ اماں کو ایک مکتوب روانہ کرکے تلنگانہ میں تشکیل پانے والی اس نئی پارٹی پر ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے وضاحت طلب کی۔ وجیہ اماں نے کوئی اعتراض نہ ہونے کا سنٹرل الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کیا جس کے بعد تلنگانہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی تشکیل دینے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے احکامات جاری کئے جائیں گے۔ پارٹی کے کوآرڈنیٹر راجگوپال نے بتایا کہ سابق چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی کے یوم پیدائش 8 جولائی کے موقع پر شرمیلا نئی پارٹی کی تشکیل کے نام اور پارٹی کے پرچم کا سرکاری طور پر اعلان کریں گی۔ شرمیلا بہت پہلے تلنگانہ میں پارٹی تشکیل دینے کا اعلان کرچکی ہیں اور کھمم میں ایک جلسہ عام کا اہتمام کرنے کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع کے حامیوں سے تبادلہ خیال بھی کرچکی ہیں۔ چار دن قبل وہ پارٹی کے 7 ترجمان کا بھی اعلان کرچکی ہیں۔ نئی پارٹی تشکیل دینے میں ان کی ماں وجیہ اماں کی تائید حاصل ہے اور وہ کھمم جلسہ عام کے علاوہ حیدرآباد میں منعقدہ ملازمتوں کی فراہمی کے احتجاج میں شرکت کرچکی ہیں۔