شرمیلا کی شکایت پر سائبر کرائم پولیس تحقیقات میں شدت

   

حیدرآباد۔/16 جنوری، ( این ایس ایس ) حیدرآباد سائبر کرائم پولیس نے وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی کی ہمشیرہ وائی ایس شرمیلا کی طرف سے درج کرائی گئی فوجداری شکایت پراپنی تحقیقات میں شدت پیدا کردی ہے۔ سائبر کرائم کے ایڈیشنل ڈی سی پی رگھوویر نے کہا کہ چند نامعلوم شرپسندوں نے یو ٹیوب چیانلس ، فیس بُک گروپ اور دیگر سوشیل میڈیا پلاٹ فارمس پر چندفحش میسیجس پوسٹ کیا تھااور الیکٹرانک میڈیا میں کئے گئے تبصروں پر ’’ یو آر ایل‘‘ کی شناخت کرتے ہوئے ان کے خلاف بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور یو ٹیوب کے علاوہ فیس بک سے اطلاعات کی وصولی کا انتظار کیا جارہا ہے۔ ڈی سی پی رگھوویر نے مزید کہا کہ وہ بہت جلد ان شرپسندوں کا پتہ چلائیں گے جنہوں نے یہ ویڈیو تیار کیا تھا۔