حیدرآباد 5 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی مہم کمیٹی کے کنوینر مدھو گوڑ یشکی نے وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا کی ماں وائی ایس وجیہ اماں کی طرف سے منعقد کی گئی میٹنگ میں کانگریس لیڈر رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی شرکت پر تنقید کی اور کہاکہ کومٹ ریڈی کا یہ اقدام پارٹی کے مفادات کے خلاف ہے۔ رکن پارلیمنٹ کا یہ اقدام تلنگانہ پردیش کانگریس کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے۔ انھوں نے کہاکہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے خلاف جلد تادیبی کارروائی کرے گی کیوں کہ انھوں نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے۔