راج شیکھر ریڈی کے حامیوں سے پارٹی کے نام اور جھنڈا کی تیاری پر مشاورت
حیدرآباد۔ سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی دخترنے 20 فروری کو کھمم میں اپنے والد کے حامیوں سے ملاقات کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ انہوں نے حیدرآباد میں پارٹی آفس قائم کرنے کیلئے اراضی کی نشاندہی کرنے کی اپنی حامیوں کو ہدایت دی۔ پارٹی کے اصول و ضوابط کی تیاری ، پارٹی کے نام کی تیاری پر ان سے ملاقات کرنے والے قائدین سے تبادلہ خیال کررہی ہیں۔ انہوں نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کو زیادہ اہمیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ضلع نلگنڈہ کے قائدین کے اجلاس میں مریال گورہ کے سابق رکن اسمبلی آر سرینواس کے علاوہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائدین نے شرکت کی ہے۔ شرمیلا نے ان سے کہا کہ ان کے بھائی آندھرا پردیش کے چیف منسٹر ہیں وہ تلنگانہ میں نہیں آئیں گے اس لئے وہ نئے سیاسی پارٹی تشکیل دینے کے بارے میں سنجیدگی سے غور کررہی ہیں۔ تلنگانہ میں راج شیکھر ریڈی کے چاہنے والوں کی کمی نہیں ہے لہذا وہ چاہتی ہیں کہ پارٹی کے نام میں راج شیکھر ریڈی شامل ہے۔ وائی ایس آر ٹی پی ( وائی ایس راج شیکھر ریڈی تلنگانہ پارٹی ) نام کے بارے میں رائے حاصل کی ۔ اجلاس میں موجود قائدین نے بتایا کہ اس کو آندھرا کی پارٹی قرار دیا جائے گا ۔ شرمیلا نے انہیں سمجھایا کہ وہ پارٹی اور یہ پارٹی میں کافی فرق رہے گااور نام بھی علحدہ ہوگا۔ جھنڈا بھی علحدہ ہوگا۔ وہ تلنگانہ میں راجنا راجیم لانے کیلئے کام کرنا چاہتی ہیں ۔ کسانوں کی خوشحالی، مفت علاج، مفت تعلیم اور دوسرے اُمور کو کافی اہمیت دی جائے گی۔ شرمیلا سے ملاقات کرنے والوں میں موجودہ پارٹیوں میں شامل قائدین کے جانشین کی بڑی تعداد شامل تھی۔ شرمیکلا نے ان سے کہا کہ وہ ایک قدم ڈال چکی ہیں اب پیچھے ہٹنے والی نہیں ہیں۔ وہ مستقبل میں شہر حیدرآباد میں راج شیکھر ریڈی کے حامیوں سے ملاقات کریں گی اور اضلاع کے بھی دورے کریں گی ۔