شرمیلا 9 اپریل کو کھمم میں جلسہ عام سے خطاب کریں گی

   


نئی پارٹی کے نام کا اعلان بھی متوقع ۔ آج حیدرآباد میں ضلع محبوب نگر کے حامیوں کا اجلاس
حیدرآباد : سابق چیف منسٹر ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی دختر شرمیلا تلنگانہ میں نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کیلئے سرگرم مشاورت کررہی ہے ۔ امکان ہے کہ وہ 9اپریل کو ضلع کھمم میں ایک لاکھ عوام کے ساتھ جلسہ عام کا اہتمام کرتے ہوئے نئی پارٹی کے نام کا اعلان کریں گی ۔ ضلع کھمم کے حامیوں سے شرمیلا نے مشاورت کرلی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ شرمیلا ’’ وائی ایس آر ٹی پی ‘‘ ’’ وائی ایس آر پی ٹی ‘‘ ’’ راجنا راجیم ‘‘ کے علاوہ دوسرے ناموں پر غور کررہی ہے اور 14 مئی سے لوٹس پاؤنڈ میں پارٹی کی سرگرمیوں کا آغاز کریں گی ۔ شرمیلا نے پہلے 8 جولائی کو پارٹی کی سرگرمیوں کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ فی الحال موسم گرما کے پیش نظر تاریخوں کو تبدیل کرنے کے معاملے میں شرمیلا اپنے حامیوں سے تبادلہ خیال کررہی ہیں ۔ 9 اپریل کو کھمم میں ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔ اُسی دن پارٹی کے نام کا اعلان کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں ۔ واضح رہے کہ 14 مئی کو راج شیکھر ریڈی نے چیف منسٹر کے عہدہ کا حلف لیا تھا ۔ اُسی دن سے پارٹی کی سرگرمیاں شروع کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔د وسری جانب شرمیلا پر مختلف پارٹی قائدین کی تنقیدوں کا جوابی کاؤنٹر دینے کے عمل کا بھی آغاز ہوگیا ہے ۔ حال ہی میں شرمیلا نے عثمانیہ یونیورسٹی کے طلبہ سے ملاقات کرتے ہوئے ایک طالبہ کو پرسہ دیا تھا جس کو کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے پیڈ آرٹسٹ قرار دیتے ہوئے طنز کیا تھا جس کی شرمیلا کے حامیوں نے مذمت کی ۔ 2 مارچ کو شرمیلا ضلع محبوب نگر نے 700 حامیوں سے ملاقات کرنا چاہتی ہے مگر 5000 ہزار ملاقات کے خواہشمند ہیں ۔ متحدہ محبوب نگر ضلع میں راج شیکھر ریڈی نے 14 آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات کا آغاز کرتے ہوئے 4 لاکھ ایکڑ اراضی کو پانی سیراب اس کی تمام معلومات حاصل کرنے کے علاوہ دوسرے مسائل کے بارے میں بھی شرمیلا اپنی فکرمندی کا اظہار کررہی ہیں ۔ مختلف اضلاع کے قائدین روزانہ لوٹس پاؤنڈ پہنچ کر شرمیلا سے ملاقات کررہے ہیں ان میں ٹی وی سیریل آرٹسٹ و جونیئر آرٹسٹ بھی شامل ہیں ۔ محبوبنگر کے حامیوں سے ملاقات کرنے کے بعد شرمیلا عادل آباد ، نظام آباد اضلاع کے حامیوں سے ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں ۔ آج ان دونوں اضلاع کے قائدین سے شرمیلا نے مشاورت کی ہے ۔