شرون راج زہر مقدمہ میں محبوبہ گریشما کو سزائے موت

   

تھرواننتا پورم: تھرواننتا پورم کی ایک مقامی عدالت نے24 سالہ گریشماکو14 اکتوبر 2022 کو اپنے محبوب شرون راج کو زہریلے کیمیکل کو آیورویدک دوا میں ملاکر قتل کرنے کے جرم میں پھانسی کی سزا سنائی۔ فیصلہ سنائے جانے کے دوران گریشما ساکت بیٹھی رہی جبکہ کمرہ عدالت میں موجود شرون کے والدین جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے۔ عدالت نے اس جرم کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجرم کسی بھی رعایت کی مستحق نہیں۔ اگرچہ اس مقدمہ میں کوئی عینی شاہد موجود نہیں تھا لیکن عدالت نے پولیس کی تفتیش کو بے عیب قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کی۔ عدالت نے شرون کے والدین کو سزا سنانے کے عمل کا مشاہدہ کرنے کے لیے مدعوکیا، جو اس مقدمہ کی جذباتی اہمیت کو اجاگرکرتا ہے۔ مقدمہ میں گریشما کے چچا، نرمَل کمارکو تین سال قید کی سزا سنائی گئی جبکہ گریشما کی والدہ جو دوسرے ملزم کے طور پر نامزد تھیں، کو بری کردیاگیا۔ شرون زہر دیئے جانیکے بعد 11 دن تک زندگی کی جنگ لڑنے کے بعد 25 اکتوبر 2022 کو موت کی نیند سوگیا۔ گریشما اور شرون کے درمیان تعلقات کی ابتدا قریبی دوستی سے ہوئی لیکن یہ اس وقت خراب ہوئے جب گریشما کی منگنی کسی اور شخص سے ہوئی۔ عدالت میں پیش کیے گئے شواہد سے ظاہر ہوا کہ گریشما نے شرون کے ساتھ تعلقات ختم کرنے کا ارادہ کیا تھا، جس کی وجہ ایک نجومی پیش گوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ اس کا پہلا شوہر مر جائے گا، جس کے بعد وہ دوسری شادی میں سکون سے زندگی گزارسکے گی۔