لکھنؤ6مارچ(سیاست ڈاٹ کام ) بھارتیہ جنتا پارٹی نے سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو پر شرپسندوں سے ہمدردی رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف کاروائی سے ایس پی سربراہ کافی بے چین ہیں اور بے بنیاد بیان بازی کررہے ہیں۔بی جے پی کے ریاستی ترجمان ڈاکٹر چندر موہن نے جمعہ کو یہاں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ مسٹر یادو کو سب سے زیادہ پریشانی بی جے پی حکومت کی جانب سے شرپسندوں کے خلاف سخت کاروائی سے ہورہی ہے ۔ شرپسندوں کے بے نقاب چہرے سماج کے سامنے آنے سے ان کے سب سے بڑے پیروکار کافی بے چین ہیں۔مسٹر موہن نے اکھلیش یادو کے ذریعہ دئیے گئے ‘ ریاست کی بی جے پی حکومت ناکامی کا ریکارڈ بنا رہی ہے ’ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسا بے بنیاد بیان دے کر مسٹر یاد واپنی بوکھلاہٹ ہی ظاہر کررہے ہیں۔
