ممبئی، یکم؍ نومبر (یو این آئی) ہندوستانی بیاٹر شریاس ایئر کو سڈنی کے ہاسپٹل سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے آج ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے۔ شریاس کو 25اکتوبر 2025 کو آسٹریلیا کے خلاف ونڈے میچ کے دوران پیٹ میں سنگین چوٹ لگنے کے بعد دواخانہ میں شریک کرنا پڑا تھا۔ الیکس کیری کا کیچ پکڑنے کیلئے شریاس نے پیچھے کی طرف شاندار ڈائیو لگائی۔ اس کوشش کے دوران ان کی بائیں پسلی کے نیچے شدید چوٹ لگی۔ان کی تلی پھٹ گئی اورخون کا رساؤ شروع ہوگیا تھا۔ آپریشن کے بعد وہ رو بصحت ہو رہے ہیں۔ بی سی سی آئی نے بتایا کہ ان کا مناسب علاج کیا گیا ہے۔ سڈنی اور ہندوستان کے ماہر ڈاکٹروں کے ساتھ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم شریاس ایئر کی صحت یابی سے مطمئن ہے۔ اب ان کی حالت مستحکم ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ چنانچہ انہیں آج اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی نے شریاس کو بہترین علاج فراہم کرنے پر سڈنی کے ڈاکٹر کَوروش ہَاگیگی اور ان کی ٹیم، ہندوستان کے ڈاکٹر دنشا پاردیوالا کا شکریہ ادا کیا۔ شریاس ایئر مزید کچھ دن سڈنی میں ہی رہیں گے اور جب انہیں سفر کے قابل قرار دیا جائے گا تو وہ ہندوستان واپس آئیں گے۔