امراوتی، 7 نومبر (آئی اے این ایس) آندھرا پردیش حکومت نے جمعہ کو ویمنزکرکٹ ورلڈ کپ 2025 جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کی رکن، تلگو کھلاڑی این شری چارنی کے لیے 2.5 کروڑ روپے نقد انعام سرکاری ملازمت اور رہائشی پلاٹ دینے کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر این چندر بابو نائیڈو نے یہ اعلان اْس وقت کیا جب یہ نوجوان کھلاڑی دہلی سے آنے کے فوراً بعد ان سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ شری چارنی کو ریاستی حکومت میں گروپ1افسر کی حیثیت سے ملازمت دی جائے گی۔ 21 سالہ کھلاڑی کوگھر بنانے کے لیے کڑپہ میں 1000 مربع گزکا پلاٹ بھی دیا جائے گا۔ شری چارنی نے چیف منسٹر چندر بابو نائیڈو اور وزیر نارا لوکیش کے ساتھ ورلڈ کپ جیتنے کی خوشی کا اظہارکیا اور ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔چیف منسٹر نے کہا کہ ورلڈکپ جیت کر شری چارنی نے ہندوستانی خواتین کی طاقت کو دنیا کے سامنے ثابت کیا ہے اور وہ خواتین ایتھلیٹس کے لیے رول ماڈل بن چکی ہیں۔ انہوں نے ہندوستانی ٹیم کے مستقبل میں مزید کامیابیوں کی خواہش کی۔ شری چارنی نے خواتین کرکٹرزکے دستخط شدہ ٹی شرٹ چیف منسٹرکو پیش کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس اسپنر نے کہا کہ وہ سب کے پیار اور محبت سے بہت خوش ہیں۔ شری چارنی نے بتایا کہ انہیں اپنے گھر والوں کی بھرپور حوصلہ افزائی ملی۔ کرکٹ سے روشناس کروانے والے ان کے ماموں تھے۔ انہوں نے آندھرا کرکٹ اسوسی ایشن میں تربیت حاصل کی۔