شری گنگا نگر سیکٹر میں فائرنگ ،پھر مشتبہ ڈرون نظر آیا

   

شری گنگا نگر۔12مارچ(سیاست ڈاٹ کام)سرحدی علاقے شری گنگا نگر سیکٹر میں آج صبح پھر مشتبہ ڈرون نظرآیا اور فائرنگ ہوئ جس سے گاؤں والوں میں دہشت پھیل گئی۔پولیس کے مطابق شری گنگا نگر ضلع کے ہندو ملکوٹ تھانہ علاقے میں گنگ کینال کے بائرفریکیشن ہیڈ کے آس پاس صبح تقریباً چھ سے ساڑھے چھ بجے تک آدھے گھنٹے تک دھماکوں اور گولیاں چلنے کی آوازیں آتی رہیں۔ذرائع کے مطابق سرحد پر مشتبہ ڈرون (یواے وی)نظرآنے پر یہ آواز آنے لگیں۔صبح سویرے دھماکوں اور گولیاں چلنے کی آوازوں سے گاؤں والے خوف زدہ ہوگئے ۔دودن پہلے بھی اسی علاقے میں دھماکے اور گولیاں چلنے کی آوازیں آئی تھیں۔بتایا جارہا ہے کہ مشتبہ ڈرون کو ہوا میں ہی اڑا دیاگیا،لیکن ابھی باضابطہ طورپر اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے ۔گزشتہ تین چار دن کے دوران شری گنگا نگر سیکٹر میں سرحد پر مشتبہ ڈرون ہندوستانی فوج کے ذریعہ ہوا میں ہی تباہ کئے جارہے ہیں۔اب تک پانچ ڈرون شری گنگا نگر ضلع سے متصل سرحد پر مار گرائے گئے ہیں۔