ششانک سنگھ کے بارے میں بیرسٹو کا سلیکٹرز کو مشورہ

   

نئی دہلی۔ ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے۔ ٹیم سلیکشن کے لیے الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے لیکن اس سے پہلے کہ یہ الٹی گنتی رک جائے اور ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے ٹیم کی حتمی فہرست منظور ہوجائے، ہندوستانی سلیکٹرزکو جونی بیرسٹو کے بیان کو سننا چاہیے۔ بیرسٹو کا یہ بیان پنجاب کنگزکے بیٹر ششانک سنگھ کے بارے میں ہے جس میں انہوں نے انہیں ایک خاص صلاحیت قرار دیا ہے۔ گزشتہ رات پنجاب کنگز نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف 262 رنزکا ریکارڈ ہدف حاصل کیا۔ یہ کارنامہ انجام دیتے ہوئے فاتح ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑے ہدف کا تعاقب کرنے کا عالمی ریکارڈ بنایا۔ پنجاب کنگز کے اس رنز کے تعاقب کی بنیاد جونی بیئرسٹو نے رکھی تو ششانک سنگھ نے اسے کامیابی کی بلندیوں پر پہنچایا جنہوں نے 242 سے زائدکے اسٹرائیک ریٹ سے صرف 28 گیندوں پر 68 رنز بنائے۔ انہوں نے اننگز کے دوران 8 چھکے لگائے۔ ششانک سنگھ اس سے قبل آئی پی ایل 2024 میں پنجاب کنگزکے لیے دھماکہ خیز اننگز کھیل چکے ہیں لیکن کے کے آر کے خلاف کھیلی گئی اننگز نے انہیں لوگوں کی نظروں میں ایک نڈر اور بہادر بیٹر کے طور پر منوایا ہے۔ کے کے آر کے خلاف ششانک سنگھ کے شاندار کھیل کو دیکھنے کے بعد کپتان سیم کرن نے انہیں پنجاب کنگز کے لیے اس سیزن کی سب سے بڑی دریافت قراردیا نیز ڈیل سٹین بھی تعریف کرنے سے خود کو نہ روک سکے۔ ششانک سنگھ کے مداح نہ صرف ان کی اپنی ٹیم کے ارکان ہیں بلکہ ان ٹیموں سے وابستہ لوگ بھی تھے جن میں ششانک پہلے کھیل چکے تھے۔ جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے کہا کہ کچھ سال پہلے ششانک ایس آرایچ میں تھے۔ وہ ایک حیرت انگیز کھلاڑی ہے۔ وہ محنتی ہے اور ہر وقت مسکراتا رہتا ہے۔ انہوں نے شاندار بیٹنگ کی ہے۔ ششانک سنگھ پر پنجاب کنگز کے کپتان اور ان کی پرانی ٹیموں کے خیر خواہوں کی آوازیں سنی گئی ہیں لیکن جونی بیرسٹو نے جوکہا وہ سب سے اہم ہے۔ یہ اس لیے اہم ہے کہ انہوں نے ششانک سنگھ کے ساتھ مل کر84 رنزکی ناقابل شکست شراکت داری بھی کی، جو پنجاب کنگز کی فتح کا باعث بنی۔ یہ اس لیے اہم ہے کہ جب ششانک سنگھ 28 گیندوں میں 68 رنز بناکربولروںکو بے رحمی سے مار رہے تھے تو بیئرسٹو ہی انہیں قریب سے دیکھ رہے تھے۔ جونی بیرسٹو نے کہا کہ ششانک سنگھ ایک خاص کھلاڑی ہیں۔ ان جیسے کھلاڑی کا ٹیم میں ہونا بڑی بات ہے۔ جس طرح وہ میدان میں آئے اور کھیلے وہ ناقابل یقین منظر تھا۔ کرکٹ کے بارے میں ان کی سمجھ بھی حیرت انگیز ہے۔ وہ ایک اچھا اور پرسکون کھلاڑی ہے۔