تلنگانہ میں پارٹی سرگرمیوں میں توسیع کا فیصلہ
حیدرآباد۔8 ۔ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے حیدرآباد میں آل انڈیا پروفشینلس کانگریس کے عہدیداروں سے ملاقات کی ۔ سابق رکن اسمبلی اور سکریٹری آل انڈیا پروفیشنلس کانگریس شریمتی پدماوتی ریڈی نے ششی تھرور کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا تھا۔ اس موقع پر ڈاکٹرس اور مختلف فارما سیوٹیکل کمپنیوں کے سربراہوں نے شرکت کی ۔ ریاست میں پروفیشنل کانگریس کی سرگرمیوں کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ششی تھرور نے پیش طب سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ستائش کی اور کہا کہ کورونا وباء کے دوران ان کی خدمات غیر معمولی رہی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس اور دیگر پیشوں سے وابستہ افراد کو ہندوستان کی پالیسی سازی میں اہم رول ادا کرنا چاہئے ۔ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے تلنگانہ میں پروفیشنل کانگریس کی سرگرمیوں سے واقف کرایا ۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ اتم کمار ریڈی ، رکن پارلیمنٹ کے چدمبرم اور آل انڈیا پروفیشنل کانگریس ساؤتھ زون کوآرڈینیٹر گیتا ریڈی اور دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ ششی تھرور پارلیمانی کمیٹی برائے انفارمیشن ٹکنالوجی کے دورہ کے سلسلہ میں حیدرآباد میں ہیں۔ R