ششی دھر ریڈی کو پی وی گھاٹ پہونچنے سے روک دیا گیا

   

Ferty9 Clinic

کمشنر سے بات چیت کے باوجود پولیس نے اجازت نہیں دی
حیدرآباد : سابق ریاستی وزیر اور کانگریس کی جانب سے تشکیل دی گئی ٹاسک فورس کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی کو پولیس نے آج نیکلس روڈ پر اُس وقت روک لیا جب وہ سرکاری تقریب سے پہلے سابق وزیراعظم نرسمہا راؤ کو خراج پیش کرنے کے لئے پہونچے تھے۔ ششی دھر ریڈی نے بتایا کہ وہ سابق وزیراعظم کو خراج پیش کرنے کے لئے صبح 9 بجے نیکلس روڈ پہونچے تھے۔ سرکاری تقریب کے آغاز کے لئے کافی وقت تھا لیکن پولیس نے اُنھیں منسٹر روڈ پر روک لیا اور آگے جانے کی اجازت نہیں دی۔ پولیس نے کہاکہ آگے جانے کے لئے کمشنر پولیس کی اجازت ضروری ہے جس پر ششی دھر ریڈی نے راست طور پر کمشنر پولیس سے ربط قائم کیا۔ کمشنر پولیس نے کہاکہ کیوں کہ یہ حکومت کا پروگرام ہے لہذا چیف منسٹر سے پہلے کسی کو خراج پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ پولیس کی رکاوٹ کے بعد ششی دھر ریڈی اپنے مکان واپس ہوگئے۔ کمشنر پولیس نے ایک گھنٹہ بعد اُنھیں فون کیا اور بتایا کہ حامیوں کے بغیر وہ تنہا چاہیں تو نرسمہا راؤ گھاٹ پہونچ سکتے ہیں۔ ششی دھر ریڈی نے کہاکہ صبح تنہا گئے تھے لیکن پولیس نے اجازت نہیں دی لہذا وہ گھر واپس ہوچکے ہیں۔ ڈی سی پی سنٹرل زون نے بھی ششی دھر ریڈی کو فون کیا اور تنہا جانے کی خواہش کی۔ ششی دھر ریڈی نے دونوں عہدیداروں سے کہاکہ وہ اب دوبارہ نہیں جاسکتے۔ سابق وزیر نے کہاکہ چیف سکریٹری کے پاس منعقدہ اجلاس میں کئے گئے فیصلے کے مطابق پولیس عہدیداروں نے اُنھیں روکا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ پولیس عہدیداروں کی کوئی غلطی نہیں ہے کیوں کہ حکومت نے اپوزیشن کو خراج پیش کرنے سے روکنے کا فیصلہ کیا تھا۔