حیدرآباد۔ 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی آج 10 ویں ا یڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ سکندرآباد کے اجلاس پر حاضر ہوئے۔ چلکل گوڑہ پولیس اسٹیشن کی جانب سے آئی پی سی کی دفعہ 143 اور 341 کے تحت داخل کردہ چارج شیٹ کی بنیاد پر عدالت نے سمن جاری کیا تھا۔ ششی دھر ریڈی گاندھی نگر پولیس اسٹیشن علاقے میں محکمہ برقی کی لاپرواہی سے ایک نوجوان کی موت کے بعد بیوہ کو معاوضے کی ادائیگی کا مطالبہ کررہے تھے۔ ہائی ٹینشن لائین گزشتہ تین سال سے اس شخص کے مکان کے قریب سے گزررہی تھی اور مسلسل نمائندگیوں کے باوجود اسے ہٹایا نہیں گیا۔ متعلقہ رکن اسمبلی اور ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو سے بھی نمائندگی کی گئی تھی۔ ششی دھر ریڈی نے بتایا کہ احتجاج کے سلسلہ میں الیکٹریسٹی ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے کوئی شکایت پولیس میں درج نہیں کرائی لیکن ریاستی وزیر سرینواس یادو کے دبائو کے تحت پولیس نے مقدمہ درج کیا۔ ششی دھر ریڈی کے ہمراہ مزید چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جن میں راجیودیش پانڈے موجودہ نائب صدر سکندرآباد کنٹونمنٹ بار اسوسی ایشن شامل ہیں، پانچ ملزمین کو عدالت نے کاغذات حوالے کیئے اور مقدمہ کی آئندہ سماعت 27 ڈسمبر کو مقرر کی ہے۔