ششی کپور کی رومانوی ہیرو کے طورپر منفرد شناخت

   

ممبئی: مشہور اداکار ششی کپور کا نام ایک ایسے اداکار کے طورپر لیا جائے گا جنہوں نے اپنی رومانوی اداکاری سے تقریباً تین دہائی تک شائقین کی بھرپور تفریح کی۔ 18مارچ 1938 کو پیدا ہوئے ششی کپور کا حقیقی نام بلبیر راج کپور تھا ۔ان کا رجحان بچپن سے ہی فلموں کی جانب تھا د اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے ۔ 40 کے دہے میں انہوں نے کئی فلموں میں بطور چائلڈ ایکٹر کام کیا۔ان میں 1948 میں ریلیز ہوئی فلم آگ اور 1951 کی آوارہ شامل ہیں جن میں انہوں نے راج کپور کے بچپن کا کردار ادا کیا ہے ۔ ششی کپور نے اداکار کے طورپر باقاعدہ شروعات 1961میں یش چوپڑا کی فلم دھرم پتر سے کی۔اس کے بعد انہیں بمل رائے کی فلم پریم پتر میں بھی کام کرنے کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے دونوں ہی فلمیں ناکام ثابت ہوئیں۔