لندن ، 16اگست (یو این آئی) محض 10 برس کی برطانوی لڑکی نے شطرنج کے گرینڈ ماسٹر کو شکست دے کر سب سے کم عمر کھلاڑی بن کر شطرنج کی نئی تاریخ رقم کی ہے ۔ شمال مغربی لندن کی بودھنا سیوانندن نے حال ہی میں لیورپول میں 2025کی برطانوی شطرنج چمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ میں 60سالہ گرینڈ ماسٹر پیٹ ویلز کو شکست دی ۔ بین الاقوامی شطرنج فیڈریشن (ایف آئی ڈی ای) کے مطابق 10سال ، 5 ماہ اور 3 دن کی عمر میں بودھنا نے امریکی کیریسا یپ کا ریکارڈ توڑ دیا ، جو 10 سال ، 11 ماہ اور 20 دن کی تھی جب اس نے 2019 میں ایک گرینڈ ماسٹر کو شکست دی تھی۔ بودھنا نے اب ویمنس انٹرنیشنل ماسٹر کا درجہ حاصل کر لیا ہے ، جو خواتین کے خصوصی گرینڈ ماسٹر ٹائٹل سے ایک درجہ کم ہے ۔ شطرنج میں سب سے بڑا ٹائٹل گرینڈ ماسٹر ہے ۔ بودھنا کے والد نے بی بی سی کو بتایا کہ اس سے قبل ان کے خاندان میں کوئی بھی شطرنج میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکا تھا ۔ بودھنا نے کہا کہ جب وہ پانچ سال کی تھی تو اُس نے وبائی مرض کوویڈ کے دوران اس کھیل کو سیکھا۔