شعبہ تعلیم میں لارڈس کالج مینارۂ نور

   

خود مختار ادارہ کے موقف کا حصول ، صدر نشین باشاہ محی الدین کی جستجو کا ثمر

حیدرآباد :۔ لارڈس انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی حمایت ساگر روز بہ روز ترقی کے منازل طئے کررہا ہے ۔ اپنی مثالی اور منفرد شناخت کے باعث لارڈس کالج تعلیمی حلقوں میں محتاج تعارف نہیں ہے ۔ عثمانیہ یونیورسٹی سے مسلمہ حیثیت کا حامل یہ کالج طلبہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہا ہے ۔ صدر نشین کالج جناب باشاہ محی الدین کی محنت و لگن اور جستجو کے باعث لارڈس کالج آج روشنی کے مینار کی مانند پورے آب و تاب کے ساتھ چمک رہا ہے ۔ لارڈس کالج نے کئی ایک سنگ میل کو عبور کیا ہے اور تعلیمی شعبہ میں کئی ایجادات اور اختراعات کا موجب رہا ہے ۔ یہ این بی اے سے مسلمہ حیثیت کا حامل ہے ۔ اس کے علاوہ NAACA گریڈ رکھتا ہے ۔ اب کالج کو 10 برسوں کے لیے خود مختار ادارہ کا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ تلنگانہ میں بحالت موجودہ یہ پہلا خود مختار ادارہ ہونے کا موقف حاصل کرلیا ہے ۔ کالج کے صدر نشین جناب باشاہ محی الدین اور سکریٹری محترمہ رضوانہ بیگم نے کالج کو خود مختار ادارہ کے موقف کے حصول پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا ہے اور کالج کے تمام پروفیسرس ، اسسٹنٹ پروفیسرس و دیگر کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ خود مختار ادارہ کی شناخت کے حصول کے ساتھ ہی ایک نئے باب کا آغاز ہوچکا ہے ۔ کالج کی جانب سے نصاب کی ترتیب کے علاوہ امتحانات کا انعقاد بھی عمل میں آئے گا ۔ جناب باشاہ محی الدین نے کالج کو خود مختار ادارہ کے موقف کے حصول پر سب کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ کالج معیار کے معاملہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ لارڈس کالج کی خدمات اظہر من الشمس ہیں ۔ کالج معیاری تعلیمی خدمات کی فراہمی کا اپنا سلسلہ جاری رکھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کالج کے ہزاروں فارغ التحصیل طلبہ آج اپنی صلاحیتوں کا ملک و بیرون ملک لوہا منوا رہے ہیں ۔ آئندہ بھی کالج قوم کے نونہالوں کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ثابت ہوگا اور طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی ۔۔