حیدرآباد 5 ستمبر ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر تعلیم جی جگدیش ریڈی نے آج کہا کہ شعبہ تعلیم کو مستحکم کرنے اور ریاست میں اساتذہ کو عزت و احترام دینے میں کوئی بھی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کا مقابلہ نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے یوم اساتذہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر ‘ علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے شعبہ تعلیم پر خاص توجہ دے رہے ہیں اور اس شعبہ کو ترجیح حاصل ہے ۔ انہوںنے واضح کیا کہ چیف منسٹر نے ریاست میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کئی اقدامات کئے ہیں۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر نے قابل لحاظ تعداد میں اقامتی اسکولس پسماندہ طبقات ‘ اقلیتوں اور ایس سی ایس ٹی کے بچوں کیلئے قائم کئے ہیں اور اس پر سالانہ 15 ہزار کروڑ روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر نے اپنے ٹیچر کو کیمپ آفس مدعو کرکے انہیں تہنیت پیش کی ہے اور اس سلسلہ میں کوئی بھی چندر شیکھر راو سے مقابلہ نہیں کرسکتا ۔