بودھن : کانگریس پارٹی کے سینئر قائد بودھن خواجہ فیاض الدین نے اپنے صحافتی بیان میں بتایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے کورونا وائرس کی وباء سے متاثر ہونے والے چھوٹے بڑے تمام شعبوں کو راحت پہونچانے کا اعلان کیا لیکن شعبہ صحافت کو بُری طرح نظرانداز کردیا۔ یہاں تک کہ حجام ، دھوبی اور صفائی کرنے والے افراد کو بھی جی ایچ ایم سی الیکشن کیلئے پارٹی منشور میں جگہ دی اور شہر حیدرآباد میں حالیہ طوفانی بارش سے متاثرہ 6 لاکھ 56 ہزار خاندانوں کے علاوہ مزید 3 لاکھ بارش سے متاثرہ خاندانوں کو بعد جی ایچ ایم سی انتخابات جزوی امداد فی کس 10 ہزار نومنتخب کارپوریٹرس کے ہاتھوں تقسیم کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ نے اعلان کیا لیکن کورونا وباء سے متاثر ہونے والے تقریباً 15,000 اخبارات کے ایجنٹس جو تقریباً 6 ماہ تک بالکل بے روزگار ہوگئے تھے اور 35 ہزار مسلمہ و غیرمسلمہ صحافیوں کے علاوہ چھوٹے بڑے 5,000 اخبارات جو کورونا وائرس وباء کے باعث تاحال سنبھل نہ سکے، جنہیں چیف منسٹر تلنگانہ نے یکسر نظرانداز کردیا۔ کے سی آر کی جانب سے آج جی ایچ ایم سی پارٹی منشور کے دوران شعبہ صحافت کو نظرانداز کرکے شعبہ صحافت سے منسلک خاندانوں کو چیف منسٹر کے سی آر نے مایوس کیا۔