شعبہ صحت میں تلنگانہ کو ملک کا نمبر ون ریاست بنانے کا عزم

   

Ferty9 Clinic

گھر گھر سروے پروگرام سے کورونا کو روکنے میں مدد، ظہیرآباد میں آکسیجن پلانٹ کا افتتاح، ٹی ہریش راؤ کا خطاب

ظہیرآباد ۔ ریاستی وزیر خزانہ وصحت ٹی ہریش راؤ نے ایریا ہاسپٹل ظہیرآباد میں ایک کروڑ 5 لاکھ روپے کی لاگت سے قائم کئے گئے آکسیجن پلانٹ کا رسم افتتاح انجام دینے کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پلانٹ کے قیام سے کورونا سے متاثر مقامی مریضوں کے علاج معالجہ میں بہتری پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر میں ریاست کو 500 میٹرک ٹن آکسیجن درکار ہے جس کے منجملہ 200 میٹرک ٹن آکسیجن کے حصول کے لئے ظہیرآباد میں پلانٹ کا قیام عمل میں لایا گیا جب کہ بقیہ 300 میٹرک ٹن آکسیجن تاملناڈ اور گوا سے حاصل کئے جارہے ہیں۔ اس طرح ریاست کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر عمل آوری کرتے ہوئے 500 میٹرک ٹن آکسیجن کا بندوبست کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں 27 ہزار کورونا سے متاثر مریضوں کو آکسیجن سے مربوط کرنے کا بھی نظم کیا گیا ہے جبکہ ریاست میں گھر گھر سروے کرتے ہوئے کورونا کے مریضوں کا پتہ بھی لگا لیا گیا ہے اس سروے سے نہ صرف کورونا کے پھیلنے کو روکنے میں مدد ملی ہے بلکہ پازیٹو کیسیس میں بھی کمی آگئی ہے۔ انہوں نے ایریا ہاسپٹل ظہیرآباد میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے لئے 50 لاکھ روپے کی منظوری ملنے کا بھی انکشاف کرتے ہوئے ایریا ہاسپٹل میں 50 بیڈ والے ایم سی ایچ مرکز قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں حاملہ خواتین کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے پیش نظر سرکاری دواخانوں میں زچگیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے سنگا ریڈی اور ظہیرآباد کے ہاسپٹلوں میں نارمل زچگیوں کی تعداد میں 60 تا 70 فیصد اضافہ ہونے کا بھی انکشاف کیا۔انہوں نے ریاست تلنگانہ کو شعبہ صحت میں سارے ملک میں صفحہ اول پر لانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ضلع پریشد چئیرمن منحو شری جئے پال ریڈی، رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد بی بی پاٹل، رکن اسمبلی ظہیرآباد کوننٹی مانک راؤ، سابق رکن اسمبلی سنگا ریڈی چنتا پربھاکر، ٹی ایس ایم آئی ڈی سی ایرولا سرینیواس، ضلع کلکٹر ایم ہنمنت راؤ، ایڈیشنل کلکٹر راج رشی شا، ڈی سی ایم ایس چئیرمین شیو کمار، ڈی سی ایچ سنگا ریڈی، ڈی ایم ایچ او ڈاکٹر گائتری دیوی کے بشمول مہیندرا ائنڈ مہیندرا کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ ظہیرآباد میں مہیندرا ائنڈ مہیندرا کے تعاون سے آکسیجن پلانٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ بعد ازاں وزیر موصوف نے سبھاش گنج میں 50 لاکھ روپے کی لاگت سے قائم ڈی سی ایم ایس کی عمارت کا افتتاح انجام دینے کے علاوہ 40 لاکھ روپے کے اخراجات سے تعمیر کئے جانے والی اگریکلچر آفیس کی عمارت کے لئے سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس کے علاوہ مگڑم پلی منڈل کے موضع پروتا پورم اور ظہیرآباد منڈل کے موضع گوئند پور میں قائم کئے گئے سب اسٹیشنوں کا بھی افتتاح انجام دیا۔