شعبہ قضات وقف بورڈ کی آن لائن خدمات کا آج افتتاح

   

وزیرداخلہ تلنگانہ محمد محمود علی افتتاح کریں گے، آن لائن سرٹیفکٹس کی اجرائی کا آغاز

حیدرآباد۔10 فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے شعبہ قضات کو مکمل طور پر آن لائن کردیا گیا ہے اور ان خدمات کا 11 فروری کو 11 بجے دن وزیر داخلہ تلنگانہ جناب محمد محمود علی افتتاح انجام دیں گے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت خدمات انجام دینے والے اداروں میں آن لائن خدمات کے فروغ کے سلسلہ میں شروع کی گئی جناب شاہنواز قاسم ڈائریکٹر برائے محکمہ اقلیتی بہبود و چیف ایکزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کی مساعی کی پہلی کڑی کے طور پر وقف بورڈ کے شعبۂ قضات کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات جو اب تک تجرباتی مرحلوں سے گذر رہی تھیں ۔ شعبہ قضات کی خدمات آن لائن کردیئے جانے کے بعد میریج سرٹیفیکیٹ و دیگر دستاویزات جو کہ شعبۂ قضات کی جانب سے جاری کئے جاتے ہیں ان کے حصول کیلئے آن لائن درخواستوں کی اجرائی ممکن ہوجائے گی اور خواہشمند آن لائن درخواست داخل کرتے ہوئے آن لائن سرٹیفیکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔ الحاج محمد سلیم صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ و رکن قانون ساز کونسل کی صدارت میں منعقد ہونے والی اس تقریب کے دوران آن لائن درخواستوں کے ادخال کے عمل اور اجرائی کے عمل کا مشاہدہ کروایا جائے گا۔افتتاح کے فوری بعد ریاست تلنگانہ کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی درخواستوں کے ادخال کے ذریعہ آن لائن سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے مجاز ہوجائیں گے ۔