’’شفافیت پر مبنی ٹیکس ۔ ایماندار کا احترام‘‘ پلیٹ فارم کا آج آغاز

,

   

وزیر اعظم مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پلیٹ فارم لانچ کریں گے ۔ تازہ اقدام ڈائریکٹ ٹیکس اصلاحات کا تسلسل، سرکاری ذرائع کا ادعا

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ’’شفافیت پر مبنی ٹیکس۔ ایماندار کا احترام‘‘ کیلئے پلیٹ فارم لانچ کریں گے ۔ سرکاری معلومات کے مطابق یہ پلیٹ فارم ڈائریکٹ ٹیکس اصلاحات کو مزید آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔ محکمہ انکم ٹیکس کے افسروں اوراعلیٰ حکام کے علاوہ مختلف چیمبرز آف کامرس ، بزنس اسوسی ایشنز اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اسوسی ایشنز کے ساتھ ساتھ بڑے ٹیکس دہندگان بھی اس تقریب میں حصہ لیں گے ۔ اس موقع پر وزیر برائے خزانہ اور کارپوریٹ امور نرملا سیتارمن اور وزیر مملکت برائے خزانہ اور کارپوریٹ امور انوراگ سنگھ ٹھاکر بھی موجود رہیں گے ۔ سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس (سی بی ڈی ٹی) نے حالیہ برسوں میں ڈائریکٹ ٹیکسوں میں کئی بڑی ٹیکس اصلاحات کئے ہیں ۔ گزشتہ سال کارپوریٹ ٹیکس کی شرح 30فیصد سے کم کر کے 22 فیصد کردی گئی اور نئے مینوفیکچرنگ یونٹوں کیلئے یہ شرح مزید گھٹاتے ہوئے 15فیصد کردی گئی تھی۔ ’’منافع تقسیم ٹیکس ‘‘بھی ختم کردیا گیا۔ ٹیکس اصلاحات کے تحت ٹیکس کی شرحوں میں کمی کرنے اور ڈائریکٹ ٹیکس قوانین کو سہل بنانے پر توجہ دی جارہی ہے ۔ محکمہ انکم ٹیکس کے کام کاج کی کارکردگی اور اس میں شفافیت لانے کیلئے سی بی ڈی ٹی کی جانب سے کئی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ حال ہی میں شروع کئے گئے ’’دستاویز شناختی نمبر‘‘ (ڈی آئی این ) کے ذریعے سرکاری رابطے میں زیادہ شفافیت لانا بھی ان اقدامات میں شامل ہے جس کے تحت محکمہ کے ہر کمیونکیشن یا خط و کتابت پر کمپیوٹر سے تیار کردہ ایک انوکھا دستاویز شناختی نمبر ہوتا ہے ۔ اسی طرح ٹیکس دہندگان کیلئے تعمیل کو زائد آسان بنانے کی خاطر انکم ٹیکس محکمہ نے اب ’’پہلے سے بھرے ہوئے انکم ٹیکس ریٹرن فارم‘‘ متعارف کرا رہا ہے ، تاکہ انفرادی ٹیکس دہندگان کیلئے تعمیل کو مزید آسان بنایا جاسکے ۔ اسی طرح ، اسٹارٹ اَپ کیلئے تعمیل کے اصولوں کو بھی آسان بنایا گیا ہے ۔ زیر التواء ٹیکس تنازعات کے حل کے مقصد سے محکمہ انکم ٹیکس نے ڈائریکٹ ٹیکس ’’تنازعہ سے اعتماد 2020ء‘‘ بھی متعارف کرایا ہے جس کے تحت فی الحال تنازعات کو حل کرنے کیلئے اعلامیہ جاری کیا جارہا ہے ۔