نئی دہلی ۔12 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) نوجوان ہندوستانی ویمن کرکٹر شفالی ورما انٹرنیشنل کرکٹ میں کرئیر کے آغاز کے بعد سے نت نئے ریکارڈ بناتی جا رہی ہیں اور اب انہوں نے ایک تاریخ رقم کرتے ہوئے سابق عظیم کرکٹر سچن تنڈولکر کو ریکارڈ سے محروم کردیا تھا۔ 15سالہ شفالی ورما نے رواں سال ستمبر میں ہندوستان کے لیے بین الاقوامی کرئیر کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ اپنی بہترکارکردگی کی بدولت مستقل خبروں میں ہیں۔ اب شفالی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے تنڈولکر کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا جو انہوں نے کئی سال قبل بنایا تھا۔ شفالی ورما نے ویسٹ انڈیز کے خلاف نصف سنچری اسکور کر کے یہ اعزاز حاصل کیا اور ہندوستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے کم عمر میں نصف سنچری اسکور کرنے والی کرکٹر بن گئیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز تنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 16سال اور 214 دن میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا لیکن شفالی نے صرف 15سال 268دن کی عمر میں نصف سنچری بنا کر ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں انہوں نے 49گیندوں پر6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 73رنزکی اننگز کھیلی۔ ان کی اس اننگز کی بدولت ہندوستان ویمن ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو باآسانی 84 رنز سے شکست دے دی۔