شفالی نے ٹی 20 میں دوبارہ پہلا مقام حاصل کرلیا

   

دوبئی : ہمالیائی اسٹروکس کی شناخت رکھنے والی نوجوان ہندوستانی خاتون کھلاڑی شفالی ورما نے ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے آئی سی سی کی ٹی 20 درجہ بندی میں دوبارہ پہلا مقام حاصل کرلیاہے ۔ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی جارہی گھریلو ٹی 20 سیریز میں شفالی نے اپنا روایتی کھیل پیش کیا ہے ۔ گزشتہ برس آسٹریلیا میں منعقدہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے تک ٹیم کو رسائی دلوانے میں 17 سالہ شفالی نے کافی اہم کردار ادا کیا تھا جس کی بدولت وہ اپنے کیرئیر میں پہلی مرتبہ پہلا مقام حاصل کیا تھا ۔ شفالی نے جنوبی افریقہ کے خلاف ابتدائی دو مقابلوں میں 23 اور 47 رنز اسکور کرتے ہوئے آسٹریلیا کی بیتھ مونی سے پہلا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ شفالی نے جہاں انفرادی طورپر شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے دوبارہ پہلا مقام حاصل کرلیا ہے وہیں دوسری جانب ہندوستانی ٹیم نے سیریز کے ابتدائی دو مقابلے گنوادیئے ہیں۔ آئی سی سی کی خاتون زمرے کی ٹی 20 درجہ بندی میں جنوبی افریقی ٹیم کی اوپنر لیزلی لی دوسری ایسی کھلاڑی ہیں جنھوں نے ترقی حاصل کی ہے ۔ لی نے تین مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے گیارہواں مقام حاصل کرلیا ہے جیسا کہ انھوں نے دوسرے مقابلے میں 70 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو ہندوستان کے خلاف سیریز میں 2-0 کی سبقت دلائی ۔ لی جنھیں گزشتہ ہفتے ونڈے کی درجہ بندی میں انگلینڈ کی ٹامی بیومونٹ کیخلاف پہلا مقام گنوانا پڑا ہے علاوہ ازیں جنوبی افریقہ کی ایک اور کھلاڑی لورا والوارڈٹ نے پانچ مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے چوبیسواں مقام حاصل کرلیا ہے جیسا کہ انھوں نے دوسرے مقابلے میں 53 رنز کی اننگز کھیلی ۔ آفریقی کپتان سون لوز نے پانچ مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 38و اں مقام حاصل کرلیاہے ۔ ہندوستان کیلئے دیپتی شرما نے تین مقامات کی ترقی کرتے ہوئے چالیسواں اور نوجوان رچا گھوش نے 59 مقامات کی چھلانگ کے ساتھ 85 واں مقام حاصل کرلیا ہے ۔ آل راؤنڈر ہرلین ڈیول نے دونوں فہرستوں میں ترقی حاصل کی ہے ۔ بیٹنگ شعبے میں انھوں نے 262 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 99 واں اور بولنگ شعبے میں 76 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 146 واں مقام حاصل کیا ہے۔ بائیں ہاتھ کی اسپنر راجیشوری گائیکواڈ نے 34 ویں مقام سے پچیسواں مقام حاصل کرلیا ہے ۔