شفالی کو روتا دیکھنا مشکل تھا : بریٹ لی

   

ملبورن ۔ 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیائی سابق فاسٹ بولر بریٹ لی نے کہا ہیکہ ورلڈ کپ فائنل میں میزبان آسٹریلیائی ٹیم کے خلاف ہندوستان کی شکست کے بعد مہمان اوپنر شفالی کو روتا دیکھنا کافی مشکل تھا۔ پہلی مرتبہ فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی ہندوستانی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کے فائنل میں 85 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ فائنل سے قبل تک شفالی کے مظاہرے انتہائی شاندار تھے ۔ تاہم فائنل میں وہ جلد آؤٹ ہوگئی۔ آئی سی سی کیلئے تحریر کردہ اپنے مضمون میں بریٹ لی نے کہا کہ ایک سرے پر شفالی ورما کے آنکھوں میں آنسو دیکھنے کا منظر کافی مشکل تھا تاہم شفالی کو خود پر فخر ہونا چاہئے کہ انہوں نے آسٹریلیا میں ایک بڑے ٹورنمنٹ کے دوران انتہائی شاندار مظاہرے کئے ہیں۔ بریٹ لی نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر اتنے بڑے ٹورنمنٹ میں شرکت کرنے کے بعد کھلاڑی پہلی مرتبہ جذبات پر آسانی سے قابو نہیں رکھ پاتے۔ شفالی بھی وقت کے ساتھ مضبوط ہوجائیں گی۔