شفا خانہ یونانی چارمینار، قرنطینہ مرکز کیلئے مختص

   

کورونا علاج کیلئے 250 بستروں کی سہولت ، محکمہ صحت کے احکام

حیدرآباد۔شفاء خانہ یونانی نظامیہ طبی کالجس چارمینار کو محکمہ صحت کی جانب سے 250 بستروں کے قرنطینہ مرکز اور کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لئے مختص کردیا گیا ہے اور دواخانہ کو جاری کردہ احکام میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں 250 بستروں پر مشتمل کورونا وائرس قرنطینہ مرکز کے علاوہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے مرکز کی تیاری کے اقدامات کئے جائیں ۔ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے تحت ضلع ہاسپٹل کنگ کوٹھی کے علاوہ چیسٹ ہاسپٹل اور گاندھی ہاسپٹل میں کورونا وائر س کے مریضوں کے علاج کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ریاستی حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق شفاء خانہ یونانی نظامیہ طبی کالج میں قرنطینہ اور علاج و معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کے ساتھ آکسیجن سے مربوط بستروں کو یقینی بنایا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ یونانی طبی کالج میں شہر کے جنوبی حصہ سے تعلق رکھنے والے کورونا وائرس کے مریضوں کو علاج ومعالجہ کی سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور حکومت کی جانب سے قرنطینہ کی سہولت کے ساتھ متاثرین کو بہتر علاج کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی ہدایت کے بعد محکمہ صحت نے سرکاری دواخانوں اور سہولتوں کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرتے ہوئے عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی 300 سے تجاوز کرجانے کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے دونوں شہروں میں مریضوں کی ٹریسنگ‘ ٹریٹمنٹ کے علاوہ ٹیسٹنگ میں بہتری پیدا کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔
شہر کے خانگی کلینکس سے رجوع ہونے والے مریضوں کے معائنوںکے بعد موصول ہونے والی رپورٹس اور ان کے قرنطینہ کے سلسلہ میں ریاستی حکومت اور محکمہ صحت کی جانب سے جلد ہی قطعی فیصلہ کئے جانے کا امکان ہے اور کہا جا رہاہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے گھریلو قرنطینہ پر کڑی نظر رکھنے کے لئے اصولوں کو مرتب کرنے کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے تاکہ کورونا وائرس کے متاثرین کو گھروں سے نکلنے سے روکا جاسکے تاکہ وہ دوسروں کو متاثر نہ کرسکیں۔